کپڑے پاک کرنے کا طریقہ مع نجاستوں کا بیان

{1} ناپاک زمین اگر سوکھ جائے اور نجاست کا اثر یعنی رنگ و بو جاتے رہیں   تو وہ زمین پاک ہوگئی خواہ وہ ناپاکی ہواسے سوکھی ہو یا دھوپ سے یا آگ سے ،  لہٰذا اس زمین پر نماز پڑھ سکتے ہیں   مگر اس زمین سیتَیَمُّم  نہیں   کرسکتے {2} درخت اور گھاس اور دیوار اور ایسی اینٹ جو زمین میں   جڑی ہو ، یہ سب خشک ہو جانے سے پاک ہو گئے (جبکہ نَجاست کا اثر رنگ و بو جاتے رہے ہوں  ) اور اگر اینٹ جَڑی ہوئی نہ ہو تو خشک ہونے سے پاک نہ ہو گی بلکہ دھونا ضروری ہے ۔  یوہیں   دَرَخت یا گھاس(نَجاست)سُوکھنے کے پیشتر کاٹ لیں  ، تو طہارت (یعنی پاک کرنے ) کے لیے دھونا ضروری ہے ۔     (بہارِ شریعت حصّہ ۲ ص ۱۲۳ )   {3} اگر پتّھر ایسا ہو جو زمین سے جُدا نہ ہو سکے تو خشک ہونے سے پاک ہو جائیگا جبکہ نَجاست کا اثر زائل ہو جائے ورنہ دھونے کی ضَرورت ہے ۔  (اَیضاً) {4}جو چیز زمین سے مُتَّصِل(یعنی ملی ہوئی) تھی اور نَجِس ہو گئی، پھر خشک ہونے (اور نَجاست کا اثر دُور ہو جانے ) کے بعد الگ کی گئی، تو اب بھی پاک ہی ہے ۔   ( اَیضاً ص۱۲۴) {5}جو چیز سوکھنے یا رگڑنے وغیرہ سے پاک ہوگئی پھر اس کے بعد گیلی ہوگئی تو وہ چیز ناپاک نہ ہوگی(ایضاً) جیسے زمین پر پیشاب پڑنے سے وہ ناپاک ہوگئی پھر وہ

زمین سُوکھ گئی اورنَجاست کا اثرختم ہوگیا تو وہ زمین پاک ہو گئی ۔  اب اگر وہ زمین پھر کسی پاک چیز سے گیلی ہوگئی تو ناپاک نہیں   ہوگی ۔  

خُون آلود زمین پاک کرنے کا طریقہ

            بچّے یا بڑے نے زمین پرپَیشاب پاخانہ کر دیا یا زخم وغیرہ سے خون یا پِیپ یا جانور ذبح کرتے وقت نکلا ہوا خون زمین پر گر گیا اوربِغیر پانی کے وَیسے ہی کسی کپڑے وغیرہ سے پُونچھ لیا، سوکھنے اور نَجاست کا اثر ختم ہو جانے کے بعد وہ زمین پاک ہو گئی ۔ اُس پر نَماز پڑھ سکتے ہیں   ۔

گوبر سے لِیپی ہوئی زمین

            جو زمین گوبر سے لِیسی یا لِیپی گئی اگرچِہ وہ سُوکھ جائے پھر بھی عَین اس زمین پرنَماز جائز نہیں  ، البتّہ ایسی زمین جو گوبر سے لِیسی یا لِیپی گئی ہو، اس کے سُوکھ جانے کے بعد اس پر کوئی موٹا کپڑا بچھا کرنَماز پڑھی تونَماز دُرُست ہو گی ۔ (بہار ِشریعت حصّہ ۲ص۱۲۶مکتبۃ المدینہ)

جن پَرندوں   کی بیٹ پاک ہے

          {1} چمگادڑ[1]؎کی بیٹ اور پیشاب دونوں   پاک ہیں   ۔ ( دُرِّمُختار، رَدُّالْمُحتار  ج۱، ص۵۷۴، بہار شریعت حصہ ۲ ص۱۱۳){2}  جو حلال پرندے اُونچے اُڑتے ہیں   ، جیسے (چڑیا) ، کبوتر، مینا، مُرغابی وغیرہ ان کی بیٹ پاک ہے ۔ (ایضاً )

مچھلی کا خون پاک ہے

مچھلی اور پانی کے دیگر جانوروں   اورکھٹمل اور مچھر کا خون اورخَچَّر اور گدھے کا لُعاب اور پسینہ پاک ہے ۔ (بہار شریعت حصہ ۲ص۱۱۴ مکتبۃ المدینہ)

پیشاب کی باریک چھینٹیں 

{1} پیشاب کی نہایت باریک چھینٹیں   سُوئی کی نوک برابر کی بدن یا کپڑے پر پڑ جائیں  ، تو کپڑا اور بدن پاک رہے گا ۔  (عالمگیری ج۱، ص ۴۶، ایضاً){2}جس کپڑے پر پیشاب کی ایسی ہی باریک چِھینٹیں   پڑ گئیں  ، اگر وہ کپڑا پانی میں   پڑ گیا تو پانی بھی ناپاک نہ ہوگا ۔ (بہار شریعت حصہ ۲ص۱۱۴)

گوشت میں   بچاہوا خون

           گوشت، تِلّی، کلیجی میں   جو خون باقی رہ گیا پاک ہے اور اگر یہ چیزیں   بہتے خون میں   سَن جائیں  (یعنی آلودہ ہو جائیں  ) تو ناپاک ہیں   ، بِغیر دھوئے پاک نہ ہوں   گی ۔  (ایضاً)

جانوروں   کی سُوکھی ہڈیاں 

          سُوَر کے علاوہ تمام جانوروں   کی وہ ہڈّی جس پرمُردار کی چِکنائی نہ لگی ہو پاک ہے ، اور بال اور دانت بھی پاک ہیں ۔  (اَیضاً ص۷ ۱۱)

حرام جانورکا دُودھ

حرام جانوروں   کا دودھ نَجِس ہے ، البتّہ گھوڑی کا دودھ پاک ہے مگر کھانا جائز نہیں   ۔ (ایضاًص۱۱۵)

چوہے کی مینگنی

         چُوہے کی مینگنی(ناپاک ہے مگر) گیہوں   میں   مل کر پِس گئی یا تیل میں   پڑ گئی تو آٹا اور تیل پاک ہے ، ہاں   اگر مزے میں   فرق آجائے تو نَجِس(ناپاک) ہے اور اگر روٹی کے اندر ملی تو اس کے آس پاس سے تھوڑی سی الگ کردیں   ، باقی میں   کچھ حَرَج نہیں  ۔ (عالمگیری ج۱، ص ۴۶ ، ۴۸، بہار شریعت حصہ ۲ص۱۱۵)

غَلاظت پر بَیٹھنے والی مکّھیاں 

 {1} پاخانے پر سے مکّھیاں   اُڑ کر کپڑے پر بیٹھیں   کپڑا نَجِس(ناپاک) نہ ہوگا ۔  (بہار ِشریعت حصہ ۲ص۱۱۶مکتبۃ المدینہ)

{2} راستے کی کیچڑ