سُوال10 : آپ نے ابھی بتایا کہ ساتویں دن نام رکھا جائے تو اگر کسی نے پہلے یا دوسرے دن ہی نام رکھ لیا تو؟
جواب : کوئی حَرَج نہیں ۔
سُوال11 : عقیقیمیں بچّے کا سر مُونڈنے کے بعد سُنا ہے سر پر زَعفران ملنا چاہئے ۔
جواب : آپ نے دُرُست سنا ہے ۔ حضرتِ سیِّدُنابریدہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے ، زمانۂ جاہِلیَّت میں جب ہم میں کسی کے یہاں بچّہ پیدا ہوتا تو وہ بکری ذَبْح کرتا اور اُس کا خون بچّے کے سر پر لِتَھیڑ دیتا پھر جب اسلام کا زمانہ آیا تو ہم بکری ذَبْح کرتے تھے اور بچّے کاسَر مُنڈاتے اور سر پر زَعفران لگاتے ۔ ( ابوداوٗد ج۳ ص۱۴۴ حدیث۲۸۴۳)
تھوڑا سا زَعفران حسبِ ضرورت پانی میں بھگو کر رکھ دیجئے ۔ جب نَرَم ہو جائے تو اُسی پانی میں اچّھی طرح مسل دیجئے اور بچّے کے مُونڈے ہوئے سر پر لگا لیجئے ۔
ہر عُمر میں ساتواں دن نکالنے کا طریقہ
سُوال12 : اگر ساتویں دن عقیقہ نہ کرسکیں تو کیا حُکْم ہے ؟
جواب : کوئی گناہ نہیں ۔ میرے آقا اعلیٰ حضرت، اِمامِ اَہلسنّت، مولاناشاہ امام اَحمد رَضا خانعَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰنفرماتے ہیں : عقیقہ ولادت کے ساتویں روز سُنّت ہے اور یہی افضل ہے ، ورنہچَودہویں ، ورنہ اِکّیسویں دن ۔ (فتاوٰی رضویہ ج ۲۰ ص ۵۸۶ ) صدرُ الشَّریعہ، بدرُ الطَّریقہ، حضرتِ علّامہ مولانامفتی محمد امجد علی اعظمی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ القَوِی فرماتے ہیں : عقیقے کیلئے ساتواں دن بہتر ہے اور اگر ساتویں دن نہ کرسکیں تو جب چاہیں کرسکتے ہیں ، سُنّت ادا ہوجائے گی ۔ بعض نے یہ کہا کہ ساتویں یا چودہویں یا اِکّیسویں دن یعنی سات دن کا لحاظ رکھا جائے یہ بِہتر ہے اور یاد نہ رہے تو یہ کرے کہ جس دن بچّہ پیدا ہو اُس دن کو یاد رکھیں ، اُس سے ایک دن پہلے والا دن جب آئے تو وہ ساتواں ہوگا ، مَثَلاً جُمُعہکو پیدا ہوا تو جمعرات ساتواں دن ہے اور سنیچر (یعنی ہفتے ) کو پیدا ہوا تو ساتواں دن جُمُعہ ہو گا پہلی صورت میں جس جمعرات کو اور دوسری صورت میں جس جمعہ کو عقیقہ کرے گا اس میں ساتویں دن کا حساب ضَرور آئے گا ۔ (بہارِشریعت ج۳ص۳۵۶)
شادی کے جانور میں عقیقے کی نیّت کرنا کیسا؟
سُوال13 : شادی کے جانور میں بعض لو گ دُولھا اور دیگر افراد کے عقیقیکی نیّت کرلیتے ہیں ۔ کیا اس طرح عقیقہ ہوجاتا ہے ؟
جواب : اگر جانور قربانی کی شرائِط کے مطابِق ہو اور کوئی مانِعِ شَرْعی نہ ہو تو عقیقہ ہوجائے گا ۔
گائے میں کتنے عقیقے ہوسکتے ہیں ؟
سُوال14 : گائے میں کتنے عقیقے ہوسکتے ہیں ؟
جواب : اِس مُعامَلے میں اس کے مسائل قُربانی کی طرح ہیں لہٰذا گائے میں سات حصّے ہیں اور یوں سات عقیقے بھی ہو سکتے ہیں ۔
قُربانی کے جانور میں عقیقے کا حصّہ
سُوال15 : کیا قربانی کی گائے میں بھی عقیقے کا حصّہ ڈال سکتے ہیں ؟
جواب : جی ہاں ۔
بچّوں کے ناموں کے بارے میں مَدَنی پھول
سُوال16 : بچّے کا نام رکھنے کے بارے میں کوئی مَدَنی پھول عنایت فرمادیجئے ۔