خصوصی مَدَنی پھول : جو بھی اسلامی بھائی یااسلامی بہن مَدَنی عطیات اکٹھا کرنا چاہتے ہیں انہیں چندے کے ضروری احکام معلوم ہونا فرض ہے، تاکید ہے کہ اگر پڑھ چکے ہیں تب بھی دعوتِ اسلامی کے اِشاعتی ادارے مکتبۃُ الْمدینہ کی مطبوعہ 100 صَفْحات پر مشتمل کتاب ، ’’ چندے کے بارے میں سُوال جواب‘‘ کا دوبارہ مُطالَعہ فرما لیجئے ۔ یَا اللہ عَزَّ وَجَلَّ ! رَمَضانُ الْمُبارَک میں مدنی عطیّات اور بقرعید میں کھالیں جمع کرنے کے لیے کوشش کرکے جو عاشقانِ رسول میرا دل خوش کرتے ہیں ، تُوان سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خوش ہوجااور اُن کے صدقے مجھ گنہگاروں کے سردار سے بھی سدا کے لیے راضی ہوجا، یَا اللہ عَزَّ وَجَلَّ ! جو اسلامی بھائی اور اسلامی بہن ( عذر نہ ہونے کی صورت میں ) ہر سال تین ماہ کے روزے رکھنے اور ہر برس جُمادَی الْاُخرٰی میں رسالہ’’ کفن کی واپسی ‘‘اور ماہ رَجَبُ الْمُرَجَّب میں ’’آقا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا مہینا ‘‘اور شَعْبانُ الْمُعَظَّم میں ’’فیضانِ رَمَضان‘‘ ( مکمَّل ) پڑھ یا سن لینے کی سعادت حاصل کرے مجھے اور اُس کو دنیا اور آخرت کی بھلائیاں نصیب فرما اور ہمیں بے حساب بخش کر جنت الفردوس میں اپنے مَدَنی حبیب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے پڑوس میں اِکٹھا رکھ ۔ اٰمِین بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب ! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
جشنِ معراج النَّبی صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ
دعوتِ اسلامی کی طرف سے رَجَبُ الْمُرَجَّب کی 27ویں شب، جشنِ معراج النّبی صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے سلسلے میں ہونے والے اجتماع ِ ذکر و نعت میں تمام اسلامی بھائی از ابتدا تا انتہا شرکت فرمایا کیجئے، نیز 27رجب شریف کا روزہ رکھ کر 60ماہ کے روزوں کے ثواب کے حقدار بنئے ۔
رجب کی بہاروں کا صدقہ بنادے
ہمیں عاشقِ مصطَفٰی یاالٰہی
آنکھوں کی حفاظت کے لیے مَدَنی پھول
پانچوں وقت نماز کے بعد سیدھا ہاتھ پیشانی پر رکھ کر ’’ یَا نُوْرُ ‘‘11 بارایک سانس میں پڑھئے اور دونوں ہاتھوں کی تمام انگلیوں پر دم کرکے آنکھوں پر پھیر لیجئے ۔ اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّ نابینائی، نظر کی کمزوری اور آنکھوں کے جُملہ امراض سے تحَفُّظ حاصل ہوگا ۔ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی رحمت سے اندھا پن بھی دُور ہوسکتا ہے ۔
یہ مکتوب ہر سال جُمادَی الْاُخرٰی کی آخِری جمعرات کو ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع / جامِعاتُ المدینہ / مدارسُ المدینہ میں پڑھ کر سنا دیجئے ۔
( اسلامی بہنیں ضَرورتاً ترمیم فرمالیں ) وَالسَّلامُ مَع الاکرام ۔
یہ رسالہ پڑھ کر دوسرے کو دے دیجئے
شادی غمی کی تقریبات، اجتماعات، اعراس اور جلوسِ میلاد و غیرہ میں مکتبۃ المدینہ کے شائع کردہ رسائل اور مدنی پھولوں پر مشتمل پمفلٹ تقسیم کرکے ثواب کمائیے ، گاہکوں کو بہ نیتِ ثواب تحفے میں دینے کیلئے اپنی دکانوں پر بھی رسائل رکھنے کا معمول بنائیے ، اخبار فروشوں یا بچوں کے ذریعے اپنے محلے کے گھر گھر میں ماہانہ کم از کم ایک عدد سنتوں بھرا رسالہ یا مدنی پھولوں کا پمفلٹ پہنچاکر نیکی کی دعوت کی دھومیں مچائیے اور خوب ثواب کمائیے ۔
ایک چُپ سو۱۰۰ سُکھ
غمِ مدینہ و بقیع و مغفرت و
بے حساب جنّت الفردوس میں آقا کے پڑوس کا طالب
۸ ربیع الاوّل ۱۴۳۶ھ
2015-03-26