ثواب بڑھانے کے نسخے

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!                              صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

{64}اسلامی بہنوں کیلئے مہندی لگانے کی نیّتیں

                ٭  بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ ط پڑھ کر حکمِ حدیث  پر عمل کرتے ہوئے مہندی سے ہاتھ رنگوں گی ٭جِرم دار(یعنی جس کی تہ جمتی ہو ایسی ) مہندی نہیں لگاؤں گی٭مہندی سے رنگے ہوئے ہاتھ ( بلکہ بِغیرمِہندی کے بھی ) نامَحرم پر ظاہر نہیں ہونے دوں گی ([1])٭ چھوٹے بچّوں کے ہاتھ پاؤں میں مہندی نہیں لگاؤں گی۔([2])(چھوٹی بچّیوں کو لگانے میں حرج نہیں )

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!                              صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

{65}پردے کی نیّتیں

(اسلامی بہنوں کے لئے)

          ٭ شَرْ عی اِجازت کے تحت گھر سے باہَر نکلنا ہوا تو بہ نیتِ ثواب مکمَّل شَرْعی پردہ کر لوں گی ، آتے جاتے اپنی گلی میں بلکہ (فلیٹ ہوا تو )سیڑھی پر بھی پردہ قائم رکھتے ہوئے چِہرے پر نِقاب ڈالے رہوں گی ٭جاذبِ نظر بُرقَع اوڑھ کر باہَر نہیں نکلوں گی ٭ نامحرم سے بات کرنے کی نوبت آئی تو حکمِ قراٰنی پر عمل کرتے ہوئے لوچ دار یعنی نرم وملائم گفتگو سے بچوں گی۔

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!                                               صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

{66}سُرمہ لگانے کی نیّتیں

          ٭ سو تے وقت آنکھوں میں سُرمہ لگانے کی سنّت پر عمل کروں گا٭ سیاہ سرمہ یا کاجل زینت کی نیّت سے نہیں لگاؤں گا ([3]) ٭کبھی دونوں آنکھوں میں تین تین سَلائیاں ، کبھی دائیں (سیدھی ) آنکھ میں تین اور بائیں (الٹی) میں دو ، تو کبھی دونوں آنکھوں میں دو دو اور پھر آخِر میں ایک سَلائی کو سُرمے والی کر کے اُسی کو باری باری دونوں آنکھوں میں لگاؤں گا ۔

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!                                               صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

{67}سونے کی نیّتیں

          ٭ احتیاطاً تجدیدِ ایمان اور ہر گناہ سے توبہ کروں گا٭ باوضو ، سونے کی([4])  دُعا  آیۃُ الکُرسی وغیرہ پڑھ کر سب سے آخِر میں سُوْرَۃُ الْکٰفِرُوْن پڑھوں گا٭سوتے وَقت قَبْر میں سونے کو یاد کروں گا ٭  سیدھی کروٹ پر سیدھا ہاتھ رخسار (یعنی گال) کے نیچے رکھ کر قبلہ رُو سوؤں گا ([5]) ٭ معمول کے مطابق اوراد پڑھنے کے بعدکوشش کروں گا کہ زبان پر مسلسل ذِکرُ اللّٰہ جاری رہے اور اِسی حالت میں نیند آ جائے([6])  ٭ جاگنے پر مسنون دعا پڑھوں گا۔([7])

 



[1]   غیر محرموں کی نظر سے ہتھیلیاں بچانے کیلئے دعوتِ اسلامی والیوں میں کالے دستانے رائج ہیں جو کہ نہایت عمدہ انداز ہے ، خصوصاً عرب خواتین میں بھی یہ دستانے پہنے جاتے ہیں۔

[2]   بچوں کے ہاتھ پاؤں میں بِلاضَرورت مہندی لگانا ’’ناجائز‘‘ ہے ، عورت خود اپنے ہاتھ پاؤں میں لگاسکتی ہے ، مگر لڑکے کو لگائے گی تو گنہگار ہوگی۔

 (بہارِ شریعت ج۳ ص۴۲۸)

[3]   زینت کی نیّت سے مرد کوسُرمہ لگانا مکروہ ہے اور زینت مقصود نہ ہو تو کراہت نہیں۔ (عالمگیری ج۵ ص۳۵۹)

[4]   سونے کی دعا : اَ للّٰھُمَّ بِاسْمِکَ اَمُوْتُ وَاَحْیَا  ۔ اے اللّٰہ عَزَّوَجَلََّّ !میں تیرے نام کے ساتھ ہی مرتا ہوں اور جیتا ہوں (یعنی سوتا اور جاگتا ہوں)۔ ( بُخارِی ج ۴ص۱۹۶ حدیث : ۶۳۲۵)

[5]   سنّت یوں ہے کہ قُطْب تارے(یعنی شِمال) کی طرف سر کرے اور سیدھی کروٹ پر سوئے کہ سونے میں بھی منہ کعبے کو ہی رہے۔ ‘‘ (فتاوٰی رضویہ ج۲۳ ص ۳۸۵ ) دنیا میں ہر جگہ قُطْب تارہ شمال کی جانب نہیں پڑے گا لہٰذادُنیا کے کسی بھی حصے میں سوئیں اور سریاپاؤں کسی بھی سَمت ہوں بس’’ سیدھی کروٹ اس طرح سوئیں کہ چہرہ قبلے کی طرف رہے ، سنّت ادا ہو جائیگی۔

[6]   بہارِ شریعت ج3 ص 436پر ہے : سوتے وقت یادِ خدا میں مشغول ہو ، تَہلیل(  لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ) و تسبیح ( سبحٰنَ اللّٰہ) وتَحمِید ( اَلحمدُ لِلّٰہ ) پڑھے یہاں تک کہ سو جائے کہ جس حالت پر انسان سوتا ہے اُسی پر اُٹھتا ہے اور جس حالت پر مرتا ہے قِیامت کے دن اُسی (حالت) پر اُٹھے گا۔

[7]   جاگنے کی دعا :  اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْٓ اَحْیَانَا بَعْدَ مَآ اَمَا تَنَا وَاِلَیْہِ النُّشُوْرُ ۔ تمام خوبیاں ا للّٰہ عَزَّوَجَل کے لئے ہیں جس نے ہمیں مارنے کے بعد زندہ کیا اور اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے ۔ ( بُخارِی ج ۴ ص۱۹۶ حدیث۶۳۲۵)بہارِ شریعت ج۳ ص 436پر ہے : (نیند سے بیدار ہو کر) اُسی وقت پکّا ارادہ کرے کہ پرہیز گاری و تقویٰ کریگا کسی کو ستائے گا نہیں۔

Index