ثواب بڑھانے کے نسخے

      ٭نکلتے وَقت گھر والوں کو سلام کروں گا٭اوّل آخر دُرُود شریف کے ساتھ مسنون دُعا ([1])پڑھوں گا٭راستے میں ، کاروباریاملازَمت کی جگہ پر مسلمانوں کو سلام کروں گا ٭سلام کرنے والوں کو جواب دوں گا ٭جن سے گناہ ہوسکتے ہیں اُن ساتوں اعضاء یعنی آنکھ ، زبان ، کان ، ہاتھ ، پاؤں ، پیٹ اور شرمگاہ کی حفاظت کروں گا  ([2])٭ نمازِ با جماعت کی پابندی کروں گا ٭حسبِ موقع انفِرادی کوشِش کے ذَرِیعے دعوتِ اسلامی کے مَدَنی کاموں کی دعوت دوں گا ٭واپَسی پرگھر میں داخِل ہو کرمسنون دُعا ([3])پڑھنے کے بعد گھر والوں کو سلام پھر سرکارِ مدینہ  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو سلام عرض کرنے کے بعد سُورَۃُ الْاِخْلَاص  پڑھوں گا۔([4])

{23}راہ چلنے/ سیڑھی چڑھنے اُترنے کی نیّتیں

            ٭ جہاں جہاں بن پڑا نگاہیں جھکاکرچلوں گا٭ عورَتوں اور بے پردَگی والے اشتہاری بورڈز کو دیکھنے سے بچوں گا ٭ مسجد دیکھ کر دُرُود شریف اور بازار میں داخِل ہوتے وَقت بازار کی دُعا([5])پڑھوں گا٭ راہ میں جو لکھا ہوا مقدّس کاغذ پاؤں گا ، اُٹھا کر ادب کی جگہ رکھ دوں گا٭ اہلِ اسلام کو سلام اور مُصافحہ کروں گا٭  مسلمانوں کے سلام کا جواب دوں گا ٭ جو رشتے دار ملیں گے اُن سے بکُشادہ پیشانی مل کر صِلَۂ رِحمی کروں گا([6])٭ راستے میں آنے والی اونچائی پریا سیڑھی چڑھتے وَقت ’’اللہُ اَکبَر ، اللہُ اَکبَر ‘‘ اورڈھلان یا سیڑھی سے نیچے اُترتے وقت ’’سُبحٰنَ اللہ  ،  سُبحٰنَ اللہ‘‘  پڑھوں گا٭  راہ چلتے یاسیڑھی چڑھتے اُترتے ہوئے جوتوں کی آواز نہ پیدا ہو اِس کا خیال رکھوں گا ۔

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!                                               صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

{24}بیٹھنے کی نیّتیں

          ٭ (موقع ملا تو) بہ نیّت ادائے سنّت قبلہ رُخ بیٹھوں گا ٭  غیر محتاط انداز میں گھٹنے کھڑے کرکے دوسروں کے لئے بدنگاہی کا سامان نہیں کروں گا بلکہ پردے میں پردہ کرکے بیٹھوں گا ٭ کسی کے گُھٹنے یا ران پر اپنا گھٹنا نہیں رکھوں گا٭  علمِ دین کی مجلس ، اجتماعِ ذکر ونعت اورعُلَمائے دین کی بارگاہوں میں بن پڑا توادباً دوزانو بیٹھوں گا ۔

{25}ماں باپ کی خدمت اور اپنے بچوں کو پیار کرنے کی نیّتیں

          ٭  اللہ و رسول  عَزَّ وَجَلَّ و صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے حکم کی بجاآوَری کے لئے صِلۂ رِحمی اور اطاعت کرکے ان کا دل خوش کروں گا ٭  ان کی خدمت کر کے ان کے اِحسانات کا عملی شکر ادا کروں گا٭اپنی ہر ہر دعا میں ماں باپ کو یاد رکھوں گا٭ صِلۂ رِحمی کرتے ہوئے بچّوں کا دل خوش کرنے کے لئے بہ نیّتِ سنّت ان سے پیار کروں گا۔ (بَہُت چھوٹے بچّوں کو بہ نیّتِ سنّت زبان دکھا کر بھی پیار کیا جا سکتا ہے)

 



[1]   وہ دعایہ ہے : بِسْمِ اللّٰہِ تَوَکَّلْتُ عَلَی اللّٰہِ لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہ۔ ’’ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کے نام سے ، میں نے اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ  پر بھروسا کیا ، بُرائی سے بچنے اورنیکی کرنے کی قوَّت اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ ہی کی طرف سے ہے ، ‘‘ یہ دعا پڑھنے کی بَرَکت سے سیدھی راہ پر رہیں گے ، آفتوں سے حفاظت ہو گی اور اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی مدد شاملِ حال رہے گی۔

 (ابوداوٗد ، ج ۴ ص ۴۲۰  حدیث ۵۰۹۵مُلخصاً)

[2]   انظراحیاء علوم الدین ج۵ص۱۲۶)

[3]   گھرمیں داخل ہوکر پڑھنے کی دعا :  اَللّٰھُمَّ اِنِّیٓ اَسْأَ لُکَ خَیْرَ الْمَوْلَجِ وَ خَیْرَ الْمَخْرَجِ ط بِسْمِ اللّٰہِ وَلَجْنَا وَ بِسْمِ اللّٰہِ خَرَجْنَاط وَ عَلَی اللّٰہِ رَبِّنَا تَوَ کَّلْنَا۔ ترجمہ : اے  اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ !میں تجھ سے داخل ہونے کی اور نکلنے کی بھلائی مانگتاہوں ، اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کے نام سے ہم (گھر میں )  داخل ہوئے اور اسی کے نام سے باہر آئے اور اپنے رب  اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ   پر ہم نے بھروسا کیا۔  (ابوداوٗد ج۴ص۴۲۱حدیث۵۰۹۶)

[4]   اس طرح کرنے سے  اِن شاءَ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ روزی میں بَرَکت ، اور گھر یلو جھگڑوں سے بچت ہو گی۔

[5]   سرکارِنامدار ، مدینے کے تاجدار صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : جو بازار میں داخل ہوتے وقت یہ دعا پڑھ لے :  لَا اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَـہٗ ط لَـہُ الْمُلْکُ وَلَـہُ الْـحَمْدُ یُـحْیِیْ وَیُمِیْتُ وَھُوَ حَـیٌّ لَّا یَمُوْتُ بِیَدِہِ الْخَیْرُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْء ٍ قَدِیْرٌ۔ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ، وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں ۔ اسی کے لئے بادشاہی ہے اور اسی کے لئے ہر تعریف ، وہی زندہ کرتا اور مارتا ہے اور وہ زندہ ہے اسے کبھی موت نہیں آئے گی۔ اس کے ہاتھ میں بھلائی ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے)اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ اس کے لئے ایک لاکھ نیکیاں لکھے گا ، ایک لاکھ گناہ مٹا دے گا ، ایک لاکھ درجے بلند فرمائے گااور اُس کے لئے جنّت میں ایک گھر  بنائے گا۔ (ترمذی ج۵ص۲۷۰ حدیث  ۳۴۳۹ ، ۳۴۴۰ )

[6]   رشتے داروں سے اچّھی طرح ملنا بھی صِلَۂ رِحم میں داخِل ہے۔

Index