رفیق المعتمرین

          مَکَّۂ مُعَظَّمہ زَادَھَا اللہُ شَرَفاً وَّ تَعْظِیْماً پہنچ کر ضَرورتاً مکان اور حِفاظتِ سامان وغیرہ کا انتظام کرکے ’’لَبَّیْک‘‘ کہتے ہوئے ’’بابُ السَّلام‘‘پر حاضِر ہوں   اور اُس دروازۂ پاک کو چُوم کر پہلے سیدھا پاؤں   مسجدُ الحرام میں   رکھ کرہمیشہ کی طرح مسجِد میں   داخِلے کی دعا پڑھئے :  بِسْمِ اللّٰہِ  وَ السَّلَامُ  عَلٰی  رَسُوْلِ اللّٰہِ  ط   اَللّٰھُمَّ افْتَحْ   لِیْۤ   اَبْوَابَ   رَحْمَتِكَط

 اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے نام سے اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے رسول صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر سلام ہو، اے اللہ عَزَّ وَجَلَّ میرے لئے اپنی رَحمت کے دروازے کھول دے ۔

اعتکاف کی نیت کرلیجئے

جب بھی کسی مسجِد میں   داخِل ہوں   اور اعتِکاف کی نیّت کریں   تو ثواب ملتا ہے ، مسجد الحرام میں   بھی نیَّت کرلیجئے ، اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ یہاں   ایک نیکی لاکھ نیکی کے برابر ہے ،  لہٰذا ایک لاکھ اِعْتِکاف کاثواب پائیں   گے جب تک مسجِد کے اندر رہیں   گے اِعْتِکاف کاثواب ملے گااور ضِمْنًا کھانا، زَم زَم شریف پینا اور سونا وغیرہ بھی جائز ہوجائے گا ورنہ مسجِد میں   یہ چیزیں   شرعاً ناجائز ہیں   ۔

نَوَیْتُ  سُنَّتَ  الْاِعْتِکَافِ  ط      ترجمہ : میں   نے سُنَّتِ اِعتِکاف کی نیت کی ۔

جوں   ہی کَعْبہ مُعَظَّمہ پر پہلی نظر پڑے تین بار لَا اِلٰہ اَلَّا اللہُ وَاللہُ اَکْبَرْکہئے اور دُرُود شریف پڑھ کر دُعا مانگئے کہ کَعْبَۃُ اللّٰہ شریف پر پہلی نظر جب پڑتی ہے اُس وَقْت مانگی ہوئی دُعا ضَرور قَبول ہوتی ہے ۔ آپ چاہیں   تو یہ دُعا مانگ لیجئے کہ ’’ یَا اللہ عَزَّوَجَلَّ! میں   جب بھی کوئی جائز دُعا مانگا کروں   اور اُس میں   بہتری ہو تووہ قَبول ہُوا کرے ۔ ‘‘حضرتِ علّامہ شامی قُدِّسَ سِرُّہُ السّامینے فُقَہا ئے کرام  رَحِمَہُمُ اللہُ السَّلَام  کے حوالے سے لکھا ہے :  کعبۃُ اللّٰہ پر پہلی نظر پڑتے وَقت جنَّت میں   بے حساب داخلے کی دُعا مانگی جائے اور دُرُود شریف پڑھا جائے ۔  (رَدُّالْمُحتار ج۳ص ۵۷۵)

نوری چادر تنی ہے کعبے پر

بارِش اللہ کے کرم کی ہے (وسائلِ بخشش ص۱۲۴)

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

  سب سے افضل دعا اللہ و رسول اللہ  عَزَّ وَجَلَّ و صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَکی رضا کے طلبگارمحترم عاشقانِ رسول !اگر طواف وسَعْی وغیرہ میں   ہر جگہ کسی اور دُعا کے بجائے دُرُود شریف ہی پڑھتے رہیں   تو یہ سب سے افضل ہے اور اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّدُرُود و سلام کی بَرَکت سے بِگڑے کام سَنور جائیں   گے ، وہ اختیار کرو جو مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللہِ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے سچّے وعدے سے تمام دعاؤں   سے بہتر و افضل ہے یعنی یہاں   اورتمام مواقِع میں   اپنے لیے دُعا کے بدلے اپنے حبیب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر دُرُود بھیجو، رَسُوْلُ اللہِ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ فرماتے ہیں   : ایسا کرے گااللہ عَزَّ  وَجَلَّتیرے سب کام بنا دے گا اور تیرے گناہ مُعاف فرمادے گا ۔ (ترمذی ج ۴ ص ۲۰۷ حدیث ۲۴۶۵، فتاوٰی رضویہ  مُخَرَّجہ  ج ۱۰ ص ۷۴۰ )

طواف کے لئے رکنا منع ہے

محترم زائرو!چاہیں   تو صِرْف دُرُودوسلام پر ہی اکتِفاکیجئے کہ یہ آسان بھی ہے اور افضل بھی ۔  تاہم شائقینِ دُعا کے لئے دُعائیں   بھی داخِلِ ترکیب کردی ہیں   لیکن یاد رہے کہ دُرُود و سلام  پڑھیں   یا دعائیں   سب آہِستہ آواز میں  پڑھنا ہے ، چلّا کر نہیں   جیسا کہ بعض مُطَوِّف( یعنی طواف کروانے والے )پڑھاتے ہیں   نیز چلتے چلتے پڑھنا ہے ، پڑھنے کیلئے دَورانِ طواف کہیں   بھی رُکنا نہیں   ہے  ۔   

عمرے کا طریقہ

طواف کا طریقہ

طواف شُروع کرنے سے قَبْل مرد اِضْطِباع کرلیں   یعنی چادر سیدھے ہاتھ کی بغل کے نیچے سے نکال کر اُس کے دونوں   پَلّے اُلٹے کندھے پراِس طرح ڈال لیں   کہ سیدھا کندھا کُھلا رہے ۔  اب پروانہ وار شمعِ کَعبہ کے گرد طواف کے لئے تیّار ہوجائیے ۔

 اِضْطِباعی حالت میں   کَعبہ شریف کی طر ف مُنہ کئے حجرِ اَسود کی بائیں  (left) طرف رُکنِ یَمانی کی جانب حجرِ اَسْود کے قریب اِس طرح کھڑے ہوجائیے کہ پورا ’’حَجَرِ اَسوَد‘‘آپ کے سیدھے ہاتھ کی طرف رہے ۔  اب بِغیر ہاتھ اُٹھائے اِس طرح طواف کی نیَّت([1])کیجئے :

اَللّٰھُمَّ  اِ نِّیْۤ   اُرِیْدُ  طَوَافَ بَیْتِكَ  الْحَرَامِ فَیَسِّرْہُ   لِیْ  وَ تَقَبَّلْہُ  مِنِّیْط

ترجَمہ : اے اللہ عَزَّوَجَلَّ میں   تیرے محترم گھر کا طواف کرنے کا اِرادہ کرتا ہوں  ،  تُو اِسے میرے لئے آسان فرمادے اور میری جانب سے اِسے قَبول فرما ۔

                 نیَّت  کرلینے کے بعد کَعْبہ شریف ہی کی طرف مُنہ کئے سیدھے ہاتھ کی جانب اتنا چلئے کہ حَجَرِاَسْوَد آپ کے عَین سامنے ہو جائے ۔ ( اور یہ معمولی سا سرکنے سے ہو جائے گا ، آپ حجرِ اسود کی عین سیدھ میں   آ چکے اِس کی علامت یہ ہے کہ دُور ستون میں   جو سبز لائٹ لگی ہے وہ آپ کی پیٹھ کے  بالکل پیچھے ہو جائے گی)

 



[1]     نماز، روزہ، اِعتِکاف، طواف وغیرہ ہر جگہ یہ مسئلہ ذہن میں  رکھئے کہ عَرَبی زَبان میں   نیَّت اُسی وَقت کار آمد ہوتی ہے جب کہ اس کے معنیٰ معلوم ہوں   ورنہ نیَّت اُردو میں   بلکہ اپنی مادَری زَبان میں   بھی ہوسکتی ہے اور ہر صورت میں   دل میں   نیَّت ہونا شَرط ہے ، زَبان سے نہ بھی کہیں   تب بھی چل جائے گا کہ دِل ہی میں   نیَّت ہونا کافی ہے ہاں   زَبان سے کہہ لینا افضل ہے ۔

Index