سُوال : مسئلہ معلوم نہیں تھا اور دونوں ہاتھوں اور دونوں پاؤں کے ناخُن کاٹ لئے اب کیا ہوگا؟اگر کَفّارہ ہو تو وہ بھی بتا دیجئے ۔
جواب : جاننا یا نہ جاننا یہاں عُذْر نہیں ہوتا ، خواہ بھُول کر جُرم کریں یا جان بوجھ کر اپنی مرضی سے کریں یا کوئی زبردستی کروائے کَفّارہ ہر صورت میں دینا ہو گا ۔ صَدرُالشَّریعہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِفرماتے ہیں : ایک ہاتھ ایک پاؤں کے پانچوں ناخُن کترے یا بیسوں ایک ساتھ تو ایک دَم ہے اور اگر کسی ہاتھ یا پاؤں کے پورے پانچ نہ کترے تو ہر ناخن پر ایک صَدَقہ، یہاں تک کہ اگر چاروں ہاتھ پاؤں کے چار چار کترے تو سولہ صَدَقے دے مگر یہ کہ صدقوں کی قیمت ایک دَم کے برابر ہو جائے تو کچھ کم کرلے یا دَم دے اور اگر ایک ہاتھ یا پاؤں کے پانچوں ایک جلسہ میں اور دوسرے کے پانچوں دوسرے جلسہ میں کترے تو دو دَم لازم ہیں اور چاروں ہاتھ پاؤں کے چار جلسوں میں تو چار دَم ۔ (بہارِ شریعت ج۱ص۱۱۷۲، عالمگیری ج۱ص ۳۴۴ )
سُوال : ناخُن اگر دانت سے کتر ڈالے تو کیا سزا ہے ؟
جواب : خواہ بلیڈ سے کاٹیں یا چا قو سے ، ناخُن تَراش (یعنی نَیل کَٹَر)سے تَراشیں یا دانتوں سے کَتریں سب کا ایک ہی حُکم ہے ۔ (بہارِ شریعت ج۱ص۱۱۷۲)
سُوال : مُحرِم کسی دوسرے کے ناخُن کاٹ سکتا ہے یا نہیں ؟
جواب : نہیں کاٹ سکتا، اِس کے وُہی اَحْکام ہیں جودوسروں کے بال دُور کرنے کے ہیں ۔ (اَلْمَسْلَکُ الْمُتَقَسِّط لِلقاریص۳۳۲)
بال دُور کرنے کے بارے میں سُوال وجواب
سُوال : اگر مَعَاذَ اللّٰہ! کسی مُحرِم نے اپنی داڑھی مُنڈوا دی توکیا سزا ہے ؟
جواب : داڑھی مُنڈوانا یاخَشخَشی کروادینا وَیسے بھی حرام او ر جہنَّم میں لے جانے والا کام ہے اور اِحْرام کی حالت میں سَخْت حرام ۔ البتَّہ اِحرام کی حالت میں سَر کے بال بھی نہیں کاٹ سکتے ۔ بَہَرحال دورانِ اِحرام کے حُکْم کے مُتعلِّق صَدرُالشَّریعہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِفرماتے ہیں : سَر یا داڑھی کے چہارُم بال یا زیادہ کسی طرح دُور کیے تو دَم ہے اور چہارُم سے کم میں صَدَقہ اور اگر چند لا ہے یا داڑھی میں کم بال ہیں ، تو اگر چوتھائی (4 / 1) کی مقدار ہیں تو کُل میں دَم ورنہ صَدَقہ ۔ چند جگہ سے تھوڑے تھوڑے بال لیے تو سب کا مجموعہ اگر چہارم کو پہنچتا ہے تو دَم ہے ورنہ صَدَقہ ۔ (بہارِ شریعت ج ۱ ص ۱۱۷۰ ، رَدُّالْمُحتار ج ۳ ص ۶۵۹)
سُوال : عورَت اپنے بال لے سکتی ہے یا نہیں ؟
جواب : نہیں ۔ عورَت اگر پورے سَر یا چوتھائی(4 / 1) سَر کے بال ایک پَورے کے برابر کَتر لے تو دَم دے اور کم میں صَدَقہ ۔ (لُبابُ الْمَناسِک ص ۳۲۷)
سُوال : مُحرِم نے گردن یا بَغَل یا موئے زیرِناف لے لئے توکیا حکم ہے ؟
جواب : پوری گردن یا پوری ایک بَغَل میں دَم ہے اور کم میں صَدَقہ اگرچِہ نصف یا زیادہ ہو ۔ یِہی حکم زیرِ ناف کا ہے ۔ دونوں بَغلیں پوری مونڈائے جب بھی ایک ہی دَم ہے ۔ (بہارِ شریعتص۱۱۷۰، دُرِّمُختارو رَدُّالْمُحتارج۳ص۶۵۹)
سُوال : سَر، داڑھی، بَغلیں وغیرہ سب ایک ہی مجلس میں مُنڈوادئیے توکتنے کَفّارے ہوں گے ؟
جواب : خواہ سَر سے لے کر پاؤں تک سارے بدن کے بال ایک ہی مجلس میں مُنڈ وائیں توایک ہی کفّارہ ہے ۔ اگر الگ الگ اَعضا کے الگ الگ مجلس میں مُنڈوائیں گے تو اُتنے ہی کَفّارے ہوں گے ۔ (دُرِّمُختار و رَدُّالْمُحتارج ۳ ص ۶۵۹ ۔ ۶۶۱)
سُوال : اگر وُضو کرنے میں بال جھڑتے ہوں تو کیا اِس پربھی کَفّارہ ہے ؟
جواب : کیوں نہیں ! وُضو کرنے میں ، کھُجانے میں یاکنگھا کرنے میں اگر دو یا تین بال گرے تو ہر بال کے بدلے میں ایک ایک مُٹّھی اَناج یا ایک ایک ٹکڑا روٹی یا ایک چُھوارا خیرات کریں اور تین سے زِیادہ گرے تو صَدَقہ دینا ہوگا ۔ (بہارِ شریعت ج ۱ص۱۱۷۱)
سُوال : اگر کھانا پکانے میں چُولہے کی گرمی سے کچھ بال جل گئے تو؟
جواب : صَدَقہ دینا ہوگا ۔ (ایضاً)
سُوال : مونچھ صاف کروادی، کیا کَفّارہ ہے ؟
جواب : مونچھ اگرچِہ پوری مُنڈوائیں یاکتَروائیں صَدَقہ ہے ۔ (ایضاً)
سُوال : اگر سینے کے بال مُنڈوا دیئے تو کیا کرے ؟
جواب : سَر، داڑھی ، گردن ، بَغَل اورمُوئے زیرِ ناف کے علا وہ باقی اَعضا کے بال منڈوانے میں صِرْف صَدَقہ ہے ۔ (ایضاً)
سُوال : بال جھڑنے کی بیماری ہو اور خود بخود بال جھڑتے ہوں تو اس پرکوئی رِعایت ؟
جواب : اگر بِغیر ہاتھ لگائے بال گر جائیں یا بیماری سے تمام بال بھی جَھڑ جائیں تو کوئی کَفّارہ نہیں ۔ (ایضاً)
سُوال : مُحرِم نے دوسرے مُحرِم کا سرمُونڈا توکیا سزا ہے ؟
جواب : اگر اِحرام کھولنے کا وَقْت آگیا ہے ۔ تو اب دونوں ایک دوسرے کے بال مُونڈ سکتے ہیں ۔ اور اگر وَقت نہیں آیا تو اِس پر کَفّارے کی صورت مختلف ہے ۔ اگر مُحرِم نے مُحرِم کا سَرمُونڈا تو جس کا سَر مونڈا گیا اُس پرتو کَفّارہ ہے ہی، مُونڈنے والے پر بھی صَدَقہ ہے اور اگرمُحرِم نے غیرِمُحرِم کا سَرمُونڈا یا مونچھیں لیں یا ناخُن تراشے تومساکین کوکچھ خیرات کر دے ۔ (بہارِ شریعت ج ۱ ص ۱۱۴۲ ، ۱۱۷۱)
سُوال : غیرِمُحرِم، مُحرِم کا سَرمُونڈ سکتا ہے یانہیں ؟