اسلامی بہنوں کی نماز

{16}  اپنی شرم گاہ کی طرف نہ دیکھے {17}  اُس نَجاست کونہ دیکھے جو بدن سے نکلی ہے {18}  خوامخواہ دیر تک اِستِنجا خانے میں   نہ بیٹھے کہ بواسیر ہونے کا اندیشہ ہے  {19تا25}  پیشاب میں   نہ تھوکے، نہ ناک صاف کرے، نہ بِلاضَرورت کھنکارے  ،نہ بار بار اِدھر اُدھر دیکھے، نہ بیکار بدن چھوئے، نہ آسمان کی طرف نگاہ کرے ،بلکہ شرم کے ساتھ سر جھکائے رہے۔ {26}   قضائے حاجت سے فارِغ ہونے کے بعد پہلے پیشاب کامقام دھوئے پھر پاخانہ کا مقام {27}  عورت کے لئے پانی سے اِستِنجا کرنے کا مُستَحَب طریقہ یہ ہے کہ ذرا کُشادہ ہو کر بیٹھے اور سیدھے ہاتھ سے آہِستہ آہِستہ پانی ڈالے اور اُلٹے ہاتھ کی ہتھیلی سے نَجاست کے مقام کو دھوئے،لوٹا اُونچا رکھے کہ چھینٹیں   نہ پڑیں   سیدھے ہاتھ سے اِستنجا کرنا مکروہ ہے اور دھونے میں   مُبالَغہ کرے یعنی سانس کا دباؤ نیچے کی جانِب ڈالے یہاں   تک کہ اچّھی طرح نَجاست کا مَقام دُھل جائے یعنی اس طرح کہ چِکنائی کا اثر باقی نہ رہے اگر عورت روزہ دار ہو تو پھر مُبالَغہ نہ کرے   {28} طہارت حاصِل ہونے کے بعد ہاتھ بھی پاک ہوگئے لیکن بعد میں   صابُن وغیرہ سے بھی دھولے۔ (بہار شریعت حصہ ۲ ص ۱۳۱ ۔ ۱۳۲ ،  رَدُّالْمُحتار ج۱ص۶۱۵ وغیرہما)  {29} جب اِستِنجا خانے سے نکلے تو پہلے سیدھاقدم باہَر نکالے اور باہر نکلنے کے بعد  (اوّل آخر درود شریف کے ساتھ ) یہ دعا پڑھے:    

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ اَذْھَبَ عَنِّی الْاَذٰی وَعَا فَانِیْ ( سُنَن ابن ماجہ ج۱ص۱۹۳حدیث۳۰۱)

یعنی اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے مجھ سے تکلیف دہ چیز کو دور کیا اور مجھے عافیت  (راحت )   بخشی ۔

بہتر یہ ہے کہ ساتھ میں   یہ دُعا بھی ملا لے اِس طرح دو حدیثوں   پر عمل ہو جائیگا :  غُفْرَانَکَ ترجمہ :  میں   اللّٰہ عزوجل سے مغفِرت کا سُوال کرتا (کرتی)  ہوں  ۔  (سُنَنُ التِّرْمِذِیّ، ج۱ص۸۷حدیث ۷)

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!                                                                                   صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

آب زم زم سے استِنجا کرنا کیسا؟

  {1} زمزم شریف سے استنجا کرنا مکروہ ہے  اور ڈَھیلا نہ لیا ہو تو ناجائز۔ (بہار شریعت حصہ۲ص۱۳۵)  {2} وُضو کے بقیہ پانی سے طہارت کرنا خلافِ اَولیٰ ہے۔  (ایضاً)   {3} طہارت کے بچے ہوئے پانی سے وُضو کر سکتے ہیں  ، بعض لوگ جو اس کو پھینک دیتے ہیں   یہ نہ چاہیے اسراف میں   داخل ہے۔  (ایضاً)

 اِستِنجا خانہ کا رُخ دُرُست رکھئے

            اگرخدانخواستہ آپ کے گھر کے اِستنجا خانہ کا رُخ غَلَط ہے یعنی بیٹھتے وَقت قِبلہ کی طرف مُنہ یا پیٹھ ہوتی ہے تو اِس کو دُرُست کرنے کی فوراً ترکیب کیجئے ۔ مگر یہ ذِہن میں   رہے کہ معمولی سا تِرچھا کرنا کافی نہیں  ۔ W.C. اِس طرح ہو کہ بیٹھتے وَقت مُنہ یا پیٹھ قِبلہ سے 45ڈگری کے باہَر رہے۔ آسانی اِسی میں   ہے کہ قِبلہ سے 90ڈگری پر رُخ رکھئے۔ یعنی نَماز کے بعد دونوں  بار سلام پھیرنے میں   جس طرف منہ کر تے ہیں   ان دونوں   سَمتوں   میں   سے کسی ایک جانِب W.C.کا رُخ رکھئے۔

استِنجا کے بعد قدم دھو لیجئے

            پانی سے استِنجا کرتے وقت عُمُوماً پاؤں  کے ٹخنوں   کی طرف چھینٹے آ جاتے ہیں   لہٰذا اِحتیاط اِسی میں   ہے کہ بعدِ فراغت قدموں   کے وہ حصّے دھو کر پاک کرلئے جائیں   مگر یہ خیال رہے کہ دھونے کے دَوران اپنے کپڑوں   یا دیگر چیزوں   پر چھینٹے نہ پڑیں  ۔

بِل میں   پیشاب کرنا

            رَحمت والے آقا ، دو جہاں   کے داتا،شافِعِ روزِ جزا،مکّی مَدَنی مصطَفٰے، محبوبِ کبریا عزوجل و صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ شفقت نشان ہے :  تم میں   سے کوئی شخص سُوراخ میں   پیشاب نہ کرے۔  ( سُنَنُ النَّسَائی ص۱۴ حدیث ۳۴)

جِنّ نے شہید کر دیا

        مُفَسّرِشہیر حکیمُ الْاُمَّت حضر  ت ِ مفتی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الحَنّان فرماتے ہیں   : جُحْر سے مُراد یا زمین کا سُوراخ ہے یا دیوار کی پَھٹَن (یعنی دراڑ) ، چُونکہ اکثر سوراخوں   میں   زہریلے جانور (یا)  چِیونٹیاں   وغیرہ کمزور جانور یا جنّات رہتے ہیں   ، چِیوُنٹیاں   پیشاب یا پانی سے تکلیف پائیں   گی یا سانپ وجِنّ نِکل کر ہمیں   تکلیف دیں   گے، اس لیے وہاں   پیشاب کرنا منع فرمایا گیا ۔ چُنانچِہ (حضرتِ سیِّدنا)  سعد ابنِ عُبادَہ انصاری (رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ)  کی وفات اسی سے ہوئی کہ آپرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے ایک سُوراخ میں   پیشاب کیا ،جنّ نے نکل کر آپ کو شہید کر دیا ۔ لوگوں   نے اُس سُوراخ سے یہ آواز سُنی:  نَحنُ قَتَلنَا سَیِّدَ الْخَزْرَجِ سَعْدَ بْنَ عُبَادَۃَ وَ رَمَیْنَاہُ بِسَہْمٍ فَلَمْ نُخْطِ فُؤَادَہ۔ترجمہ:  یعنی ہم نے قبیلہ خزرج کے سردار سعد بن عبادہ   (رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ )  کوشہید کردیا اورہم نے  (ایسا)  تیرمارا جو ان کے دل سے آر پار ہوگیا۔ ( مراٰۃ ج اول ص ۲۶۷ مِرقاۃ ج۲ص۷۲ و اشعۃُ اللمعات ج۱ص۲۲۰) اللّٰہُ رَبُّ الْعِزَّتعَزَّوَجَلَّ کی اُن پر رَحمت ہو اور ان کے صَدقے ہماری مغفِرت ہو۔ اٰمین بِجاہِ النَّبِیِّ الْاَمینصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ

 

Index