مَدنی پھول: اِن چار فرضوں میں سے اگر ایک فرض بھی رہ گیا تو وُضو نہ ہوگا اور جب وُضو نہ ہوگا تونَماز بھی نہ ہوگی۔
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیْب ! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد
کسی عُضْوْ (عُضْ۔وْ) کو دھونے کے یہ معنیٰ ہیں کہ اس عُضْوْ کے ہر حصّے پر کم از کم دو قطرے پانی بہ جائے۔ صرف بھیگ جانے یا پانی کو تیل کی طرح چُپَڑ لینے یا ایک قَطرہ بہ جانے کو دھونا نہیں کہیں گے نہ اِس طرح وُضو یا غسل ادا ہو گا۔ (فتاوٰی رضویہ ج۱ص۲۱۸،بہارِشریعت حصہ۲ص۱۰)
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد
’’ یارحمۃً لِّلْعٰلَمین ‘‘ کے تیرہ حُروف کی نسبت سے وُضو کی 13 سنّتیں
’’ وضو کا طریقہ ‘‘ (حنفی ) میں بعض سنّتوں اورمُستحبّات کا بیان ہوچُکا ہے اس کی مزید وَضاحت مُلاحظہ کیجئے {1} نِیّت کرنا {2} بِسمِ اللّٰہ پڑھنا۔اگر وُضو سے قَبل بِسمِ اللّٰہِ وَالْحَمْدُلِلّٰہ کہہ لیں تو جب تک باو ُضو رہیں گی فرِشتے نیکیاں لکھتے رہیں گے ۔ (مَجْمَعُ الزَّوَائِدج۱ص۵۱۳حدیث ۱۱۱۲مُلَخَّصاً ) {3} دونوں ہاتھ پہنچوں تک تین بار دھونا {4} تین بارمِسواک کرنا {5} تین چُلّو سے تین بار کُلّی کرنا {6} روزہ نہ ہو تو غَر غَرہ کرنا {7} تین چُلّو سے تین بار ناک میں پانی چڑھانا {8} ہاتھ اور {9} پاؤں کی اُنگلیوں کاخِلال کرنا {10} پورے سر کا ایک ہی بارمَسح کرنا {11} کانوں کامَسح کرنا {12} فرائض میں ترتیب قائم رکھنا (یعنی فرض اَعضاء میں پہلے مُنہ پھر ہاتھ کہنیوں سمیت دھونا پھر سرکا مسح کرنا اورپھر پاؤں دھونا ) اور {13} پے در پے وُضو کرنا یعنی ایک عُضوسُوکھنے نہ پائے کہ دوسراعُضو دھو لینا ۔ (بہارِشریعت حصہ۲ص۱۴۔۱۸مُلَخَّصاً)
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیْب ! صلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّدْ
’’ یارسول اللہ ترے در کی فضاؤں کوسلام ‘‘ کے انتیس حُروف کی نسبت سے وُضو کے 29مُسْتَحَبّات
{1} قبلہ رُو {2} اونچی جگہ {3} بیٹھنا {4} پانی بہاتے وَقت اَعضاء پر ہاتھ پَھیرنا {5} اطمینا ن سے وُضو کرنا {6} اَعضائے وُضو پر پہلے پانی چُپَڑ لینا خُصوصاً سردیوں میں {7} وُضو کرنے میں بِغیرضَرورت کسی سے مدد نہ لینا {8} سیدھے ہاتھ سے کُلّی کرنا {9} سیدھے ہاتھ سے ناک میں پانی چڑھانا {10} اُلٹے ہاتھ سے ناک صاف کرنا {11} اُلٹے ہاتھ کی چُھنگلیا ناک میں ڈالنا {12} اُنگلیوں کی پُشت سے گردن کی پُشت کا مَسْح کرنا {13} کانوں کامَسْح کرتے وقت بھیگی ہوئی چُھنگلیا ں (یعنی چھوٹی انگلیاں ) کانوں کے سُوراخوں میں داخِل کرنا {14 } اَنگوٹھی کو حرکت دینا جب کہ ڈِھیلی ہو اور یہ یقین ہو کہ اِس کے نیچے پانی بہ گیا ہے اگر سخت ہو تو حرکت دیکر انگوٹھی کے نیچے پانی بہانا فرض ہے۔ {15} مَعذورِشَرْعی (اس کے تفصیلی اَحکام اِسی رسالے کے صَفْحَہ41 تا 44 پرمُلاحَظہ فرما لیجئے ) نہ ہو تو نَماز کا وقت شُروع ہونے سے پہلے ہی وُضو کر لینا {16} اسلامی بہنجو کامل طور پر وُضو کرتی ہے یعنی جس کی کوئی جگہ پانی بہنے سے نہ رَہ جاتی ہو اُس کا کُوؤں (کُو۔اَوں یعنی ناک کی طرف آنکھوں کے کونے ) ٹَخنوں ، اَیڑیوں ، تلووں ، کُونچوں (یعنی اَیڑیوں کے اوپر موٹے پٹھّے) گھائیوں (اُنگلیوں کے درمیان والی جگہوں ) اورکُہنیوں کا خُصوصِیّت کے ساتھ خیال رکھنا اور بے خیالی کرنے والیوں کے لئے تو فَرض ہے کہ ان جگہوں کا خاص خیال رکھیں کہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ یہ جگہیں خُشک رَہ جاتی ہیں اور یہ بے خیالی ہی کا نتیجہ ہے ایسی بے خیالی حرام ہے اور خیال رکھنا فرض {17} وُضو کا لوٹا اُلٹی طرف رکھئے اگر طشت یا پَتیلی وغیرہ سے وُضو کریں تو سیدھی جانِب رکھئے {18} چِہرہ دھوتے وقت پیشانی پر اس طرح پھیلا کر پانی ڈالنا کہ اُوپر کا کچھ حصّہ بھی دُھل جائے {19} چِہرے اور {20} ہاتھ پاؤں کی روشنی وسیع کرنا یعنی جتنی جگہ پانی بہانا فرض ہے اس کے اطراف میں کچھ بڑھانا مَثَلاً ہاتھ کُہنی سے اوپر آدھے بازو تک اور پاؤں ٹَخنوں سے اوپر آدھی پنڈلی تک دھونا {21} دونوں ہاتھوں سے مُنہ دھونا {22} ہاتھ پاؤں دھونے میں اُنگلیوں سے شُروع کرنا {23} ہر عُضْو دھونے کے بعد اس پر ہاتھ پھیرکر بُوندیں ٹپکا دینا تا کہ بدن یا کپڑے پر نہ ٹپکیں {24} ہر عُضْوْ کے دھوتے وقت اورمَسْح کرتے وَقت نیّتِ وُضو کا حاضِر رَہنا {25 } ابتِداء میں بِسم اللّٰہکے ساتھ ساتھ دُرُود شریف اورکَلِمۂ شہادت پڑھ لینا {26 } اَعْضائے وُضو بِلا ضَرورت نہ پُونچھیں اگر پونچھنا ہو تب بھی بِلا ضَرورت باِلکل خُشْک نہ کریں کچھ تَری باقی رکھیں کہ بروزِ قیامت نیکیوں کے پلڑے میں رکھی جائے گی {27} وُضو کے بعد ہاتھ نہ جَھٹکیں کہ شیطان کا پنکھا ہے {28} بعدِ وُضومِیانی (یعنی پاجامہ کا وہ حصّہ جو پیشاب گاہ کے قریب ہوتا ہے ) پر پانی چھِڑَکنا۔ (پانی چھِڑَکتے وقت مِیا نی کو کُرتے کے دامن میں چھپائے رکھنا مناسِب ہے نیز وُضو کرتے وَقت بھی بلکہ ہر وقت پردے میں پردہ کرتے ہوئے مِیانی کو کُرتے کے دامن یا چادر وغیرہ کے ذَرِیعہ چھپائے رکھنا حیا کے قریب ہے ) {29} اگر مکروہ وقت نہ ہو تو دو رَکعَت نَفل ادا کرنا جسے تَحِیَّۃُ الْوُضُو کہتے ہیں ۔ (بہارِ شریعت ،حصہ۲ ،ص۱۸۔۲۲ )