رَحمتِ اِلہٰی عَزَّ وَجَلَّ کو جوش آیا، اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے ان کو شِفا یاب فرمایا ۔ اَلْحَمْدُ للّٰہ عَزَّ وَجَلَّ اُن کا فالج کا مرض جاتا رہا ۔ انہوں نے ہزاروں اسلامی بھائیوں کی موجودگی میں فیضانِ مدینہ کے مَنچ پر چڑھ کربَصَد عقیدت اپنے رُوبہ صِحّت ہونے کی بِشارت سُنائی، یہ نویدِ جانفِزا سُن کرفَضاء ’’ اللہ اللہ ، اللہ اللہ ‘‘کی پُر کیف صداؤں سے گونج اُٹھی ۔ اُن دنوں کئی مقامی اَخبارات نے اِس خبرِ فرحت اثر کو شائِع کیا ۔
دعوتِ اسلامی کی قَیّوم دونوں جہاں میں مچ جائے دھوم
اس پہ فِدا ہو بچّہ بچّہ یااللہ مری جھولی بھر دے
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
{2} بلڈ پریشر کی مریضہ تندُرُست ہوگئی
بابُ المدینہ (کراچی) کی ایک اسلامی بہن کے بیان کا خُلاصہ ہے کہ میرا بلڈ پریشر لو(LOW)رہا کرتا تھا ۔ لیکن جب سے میں نے اسلامی بہنوں کے مَدَنی قافلے میں سفر کیا ہے ، مجھے اس مرض سینَجات مل گئی ہے ۔
ہائی B.P. ہو گر یا کہ LOWہو مگر فکر ہی مت کریں قافلے میں چلو
رب کے در پر جھکیں التجائیں کریں بابِ رحمت کُھلیں قافلے میں چلو
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
100گھروں سے بلائیں دور
اسلامی بہنو! مَدَنی قافِلہ پھر مَدَنی قافِلہ ہے ، اِس میں پاکیزہ صحبتیں اور پِھر اس کی برکتیں ہی برکتیں ہیں ، اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی نیک بندیوں اور مکی مَدَنی مصطَفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی عاشِقاؤں اور مدینے کی دیوانیوں کی قُر بتوں کے کیا کہنے ! اچّھوں کا قُرب اورپڑوس یقینا بَہُت بڑی سعادت ہے اس کی بَرَکت سے دنیوی آفتوں اور بلاؤں سے بھی نجات ملتی ہے اور آخِرت کی مَنْفَعَت بھی ہاتھ آتی ہے چُنانچِہ حسنِ اخلاق کے پیکر، نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبر عَزَّ وَجَلَّ وصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا ارشادِ روح پرور ہے : ’’ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نیک مسلمان کی وجہ سے اُس کے پڑوس کے 100 گھروں سے بَلا دُور فرما دیتا ہے ۔ ‘‘ ( المعجم الاوسط ج۳ ص ۱۲۹ حدیث۴۰۸۰ )
{3} سُکون کی نیند
ایک اسلامی بہن (عمر تقریباً 55سال ) کا بیان کچھ یوں ہے کہ میرے پاؤں میں درد رہتا تھا جس کی وجہ سے میں رات بھرسُکون سے سو نہیں سکتی تھی ، ذرا آنکھ لگتی بھی تو ڈراؤنے خواب دکھائی دیتے جس کی وجہ سے میں گھبرا کر اُٹھ بیٹھتی ۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ میں نے مارچ 2009ء میں اسلامی بہنوں کے مَدَنی قافِلے میں سفر کیا ۔ جب رات کو آرام کا وقفہ ہوا تو مجھے ایسی سکون کی نیند آئی کہ شاید برسوں میں کبھی نہ آئی تھی ۔ یہ سب مَدَنی قافِلے کی بہاریں ہیں ۔
اُس کی قسمت پے فِدا تختِ شہی کی راحت
خاکِ طیبہ پہ جسے چین کی نیند آئی ہو
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
اسلامی بہنو! اللہ رَبُّ الْعِباد عَزَّ وَجَلَّ کی یاد میں دلوں کا چین ہے جیسا کہ پارہ 13سورۃُ الرَّعد آیت نمبر 28میں ارشاد ہو تا ہے :
اَلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ تَطْمَىٕنُّ قُلُوْبُهُمْ بِذِكْرِ اللّٰهِؕ-اَلَا بِذِكْرِ اللّٰهِ تَطْمَىٕنُّ الْقُلُوْبُؕ(۲۸)
ترجَمۂ کنز ایمان : وہ جو ایمان لائے اور ان کے دل اللّٰہ کی یاد سے چین پاتے ہیں سن لو اللّٰہ کی یاد ہی میں دلوں کا چین ہے ۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّمَدَنی قافِلے میں نیک بندوں کابکثرت ذکر خیر کیا جاتا ہے اور جہاں صالحین و صالحات یعنی بُزُرگوں اور پارسا بیبیوں کا ذکر ِخیر ہو تا ہے ، وہاں رحمتِ الہٰی عَزَّ وَجَلَّ جھوم جھوم کر برستی ہے جیسا کہحضرتِ سیِّدُنا امامسُفْیان بِن عُیَیْنہرَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں : عِنْدَ ذِکْرِِ الصّٰلِحِیْنَ تَنَزَّلُ الرَّحمَۃُ یعنی نیک لوگوں کے ذِکر کے وقت رحمتِ الٰہی اترتی ہے ۔ (حِلْیَۃُ الْاَوْلِیَائ، ج ۷ ص ۳۳۵رقم ۱۰۷۵۰) تو جہاں رحمت اترتی ہے وہاں راحت کیوں نہیں ملے گی ! اگر رحمتوں کی برسات میں چین و سکون نہ ملے گا تو کہاں ملے گا ؟مذکورہ’’ مَدَنی بہار ‘‘ میں ڈراؤنے خواب کا بھی تذکِرہ ہے ، تو اِس کا ایک مَدَنی علاج پیشِ خدمت ہے چُنانچِہ دعوتِ اسلامی کے اِشاعتی ادارے مکتبۃُ المدینہ کے مطبوعہ 419 صَفحات پر مشتمل ، ’’ مَدَنی پنج سورہ‘‘کیصَفْحَہ 247 پر ہے : یا مُتَکَبِّرُ 21بار روزانہ پڑھ لیجئے ، ڈراؤنے خواب آتے ہوں گے تو اِن شاءَ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّخواب میں نہیں ڈریں گے ۔ (مدت علاج : تا حصولِ شفا)
پاؤں میں درد ہو زن ہو یامرد ہو قافلے میں چلیں قافلے میں چلو
لوٹ لیں رحمتیں خوب لیں برکتیں خواب اچّھے دِکھیں قافلے میں چلو
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
{4} گردن کا درد کافُور ہوگیا