کسی ضَرورت کی وجہ سے ترکی سلطان محمود بن عبدالحمید خان نے سلطان قایِتْبائیکا بنوایا ہوا گنبد شریف شہیدکرواکر 1233 ہجری میں دوبارہ گنبد تعمیر کروادیا۔1253ھ مطابق 1837ء میں اِسے سبز رنگ کردیا گیا اور اس کے سبز رنگ کی وجہ سے اسے گنبدِ خضرا کہا جاتا ہے۔ اِس میں 67 روشن دان ہیں ، جن میں سے کچھ تو گول شکل کے ہیں اور باقی مُستَطِیل (یعنی لَم چَورَس) ہیں ۔
گنبد ِخضرا خدا تجھ کو سلامت رکھے
دیکھ لیتے ہیں تجھے پیاس بجھا لیتے ہیں
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
دونوں گنْبدوں میں ایک چھوٹا سا سوراخ رکھا گیا
نچلے گنبد شریف کے اوپر ایک ایسا سوراخ رکھا گیا ہے جس سے قبر شریف اور آسمان کے درمیان کوئی چیز حائل نہیں رہتی، اس پر ایک باریک جالی لگائی گئی ہے تاکہ اس میں کبوتر وغیرہ داخل نہ ہوسکیں ۔ اور بالکل اِسی طرح اس کے عین اوپر گنبدِ خضرا میں جُنوب کی سَمت ہلال (چاند) کے نیچے بھی سوراخ رکھا گیاتھا، جب کبھی قَحْط کا سامنا ہوتااہلِ مدینہ اِس رَوزن (سوراخ شریف) کو کھول دیا کرتے تھے، جونہی دھوپ کی کرنیں حجرہ مُطَہَّرہ کے اندر حاضِری کی سعادت پاتیں ، بادَل پانی لیکر حاضِر ہوجاتے اور اہلِ مدینہ کے لیے خوب بارانِ رحمت برساتے ۔اب اسے بند کردیاگیا ہے۔
بَادَل گھرے ہوئے ہیں بارِش برس رہی ہے
لگتا ہے کیا سُہانا میٹھے نبی کا روضہ
(وسائلِ بخشش ص ۲۹۹)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
گنبد شریف کے مختلف اَدوار میں مختلف رنگوں کی وجہ سے اسے ان رنگوں کی نسبت سے شہرت رہی ہے، مثلاً جب اس کا رنگ سفید تھا تو اسے ’’قُبَّۃُ الْبَیْضَاء ‘‘ کہتے، جب نیلا رنگ ہوا تو اسے ’’قُبَّۃُ الزَّرْقَاء ‘‘ کہنے لگے، اور پھر 1253 ھ مطابق 1837ء سے اب تک یہ سبز رنگ کی وجہ سے ’’قُبَّۃُ الْخَضْراء ‘‘ (یعنی سبز گنبد) کے نام سے مشہورہے۔ یہ نہایت دلآویز، بہت ہی پیارااور عاشِقانِ رسول کی آنکھوں کا تا را ہے، دنیا بھر کے عاشِقان رسول اس سے بے حد محبت کرتے ہیں اور اس کی ایک علامت یہ بھی ہے کہ دنیا بھر کی بے شمار مسجدوں کے گنبد ’’ گنبد خضرا ‘‘ کی یاد میں سبز رنگ کے بنائے جاتے ہیں ۔ بعض مساجِدپر تو گنبدوں کی شکل و شباہت اورسبز رنگت میں کافی مشابہت (یعنی یکسانیت) دیکھی جاتی ہے جس کی ایک مثال بابری چوک باب المدینہ کراچی میں واقِع مسجِد کنزالایمان پر بنا ہوا سبز سبز گنبد ہے ۔
کیسا ہے پیارا پیارا یہ سبز سبز گنبد
کتنا ہے میٹھا میٹھا میٹھے نبی کا روضہ
(وسائلِ بخشش ص۲۹۸)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
مسجدِ نَبَوی کے 8 سُتُونِ رَحمت