فیضان رمضان

وَسَلَّمَ نے فرمایا:   ’’ جو چیز زیادہ مقدار میں  نشہ لائے تو اُس کی تھوڑی سی مقدار بھی حرام ہے۔ ‘‘  (ابوداؤد ج۳ص۴۵۹حدیث۳۶۸۱)

دوزخیوں کا خون اورپیپ:

مُؤمِن پر بہتان باندھنا بھی حرام اورجہنم میں  لے جا نے والا کام ہے،  حدیثِ پاک میں  ہے:   ’’ جو کسی مُؤمن کے  بارے میں  ایسی چیز کہے جواس میں  نہ ہو تو اللہ عَزَّوَجَلَّ اُس (بہتان تراش) کو اُس وقت تک رَدْغَۃُ الخَبال میں  رکھے گا یہاں تک کہ وہ اپنی کہی ہوئی بات سے نکل جا ئے۔ (ابوداؤد ج۳ص۴۲۷حدیث۳۵۹۷)  رَدْغَۃُ الخَبال جہنم میں  وہ مقام ہے جہاں دوزخیوں کا خون اورپیپ جمع ہوتا ہے۔ (مِراۃُ الْمَناجیح ج۵ص۳۱۳)  مُحَقِّق عَلَی الْاِطْلاق حضرت شاہ عبدالحق محدث دِہلوی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ القَوِی حدیثِ پاک کے  اِس حصے :  ’’ یہاں تک کہ وہ اپنی کہی ہوئی بات سے نکل جا ئے ‘‘  کے  تحت فرماتے ہیں :   ’’ اس سے مراد یہ ہے کہ جس عذاب کا وہ مستحق ہوچکا ہے اُسے بھگتنے کے  بعد پاک ہوجا ئے۔ ‘‘  (اَشِعَّۃُ اللَّمَعاتج۳ص۲۹۰مُلَخَّصاً)

رمضان میں  گناہ کرنے والا:

سَیِّدَتُنا اُمِّ ھانی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہا سے روایت ہے:  دو جہاں کے  سلطان ،  شہنشاہِ کون و مکان صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ عِبرت نشان ہے:   ’’ میری اُمت ذلیل و رُسوا نہ ہوگی جب تک وہ ماہِ رَمضان کا حق ادا کرتی رہے گی۔ ‘‘ عرض کی گئی:  یَارَسُولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ رَمضان کے  حق کو ضائع کرنے میں  ان کا ذلیل و رسوا ہونا کیا ہے؟ فرمایا:   ’’ اِس ماہ میں  ان کا حرا م کاموں کا کرنا۔ ‘‘  پھر فرمایا:   ’’ جس نے اِس ماہ میں  زِنا کیا یا شراب پی تو اگلے رَمضان تک اللہ عَزَّوَجَلَّاور جتنے آسمانی فرشتے ہیں سب اُس پر لعنت کرتے رہیں گے پس اگر یہ شخص اگلاماہ ِ رَمضان پانے سے پہلے ہی مرگیا تو اس کے  پاس کوئی ایسی نیکی نہ ہوگی جو اسے جہنم کی آگ سے بچاسکے ۔ پس تم ماہِ رَمضان کے  معاملے میں  ڈرو کیونکہ جس طرح اِس ماہ میں  اور مہینوں کے  مقابلے میں  نیکیاں بڑھا دی جا تی ہیں اِسی طرح گناہوں کا بھی مُعامَلہ ہے۔‘‘  (مُعجَم صغیر ج۱ص۲۴۸)

تُوبُوااِلیَ اللہ!                                اَسْتَغْفِرُاللہ

دل کا سیاہ نقطہ:

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!لرز اٹھئے ! ماہِ رَمضان کی ناقدری سے بچنے کا خصوصیت کے  ساتھ سامان کیجئے۔ اس ماہِ مبارَک میں  دوسرے مہینوں کے  مقابلے میں  جس طرح نیکیاں بڑھادی جا تی ہیں اِسی طرح دیگر مہینوں کے  مقابَلے میں  گناہوں کی ہلا کت خیزیاں بھی بڑھ جا تی ہیں ۔رمضان شریف کے  علاوہ بھی گناہوں سے بچنا ہی چاہئے۔حضرتِ سیِّدُنا ابوہریرہرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ بیان کرتے ہیں کہ رَسُولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ عالیشان ہے: جب بندہ کوئی گناہ کرتا ہے تو اس کے  دل میں  ایک سیاہ نقطہ پیدا ہوتا ہے،  جب اس گناہ سے باز آجا تا ہے اور توبہ واستغفا ر کرلیتا ہے تو ا س کادل صاف ہوجا تا ہے اور اگر پھر گناہ کرتا ہے تو وہ نقطہ بڑھتا ہے یہاں تک کہ پورا دل سیاہ ہوجا تا ہے۔ اور یہی وہ زَنگ ہے  جس کا ذِکر اللّٰہتَعَالٰی نے اس طرح فرمایاہے :

كَلَّا بَلْٚ- رَانَ عَلٰى قُلُوْبِهِمْ مَّا كَانُوْا یَكْسِبُوْنَ(۱۴)   (پ۳۰، المطففین: ۱۴)

ترجَمۂ کنزالایمان: کوئی نہیں بلکہ ان کے  دلوں پر زنگ چڑھا دیا ہے ان کی کمائیوں نے ۔ (تِرمذی ج۵ ص۲۲۰ حدیث۳۳۴۵)

دل کی سیاہی کا علاج:

اِس سیاہ قلبی کا علاج ضروری ہے اور اِس کے  علاج کا ایک مُؤَثِّر ذریعہ کسی جا مع شرائط پیر صاحب سے نسبت بھی ہے ، لہٰذا کسی اَیسے مرشد کا مرید بن جا ئے جو پرہیز گار اورمتبع سنت ہو،  جس کی زِیارت خدا ومصطَفٰے عَزَّوَجَلَّ و صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی یاد دِلائے،  جس کی گفتگو صَلٰوۃ وسنت کا شوق اُبھارے،  جس کی صحبت قبر و آخرت کی تیاری کا جذبہ بڑھائے ۔ اگر خوش قسمتی سے ایسا پیر کامل مُیَسَّر آگیا تو اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّسچی توبہ کی سعادت نصیب ہو گی اور اللہ ربُّ العزّت عَزَّوَجَلَّ کی رحمت سے دل کی سیاہی کا عِلاج ہوجا ئے گا۔

گناہ کی معافی کیلئے 8اعمال:

دعوتِ اسلامی کے  اِشاعتی اِدارے مکتبۃُ المدینہ کی مطبوعہ911 صَفحات پر مشتمل کتاب ،   ’’ احیاء العلوم مترجم  جلد4 ‘‘  صَفْحَہ141پر ہے:  روایات سے معلوم ہوتا ہے گناہ کے  بعد جب آٹھ اعمالِ صالحہ(یعنی نیک عمل)  کیے جا ئیں تو اُس(گناہ)  کی بخشش (یعنی معافی ) کی امّید ہوتی ہے۔ چار اعمال کا تعلق دل سے ہے:   {۱} توبہ یا توبہ کا عزم  {۲} گناہ سے باز رہنے کی چاہت  {۳} عذاب ہونے کا خوف  {۴} مغفرت کی اُمید۔ چار اعمال کا تعلق اعضا سے ہے:   {۱} دو رکعت نمازِ (توبہ)  ادا کرنا  {۲} 70مرتبہ استغفار کرنا اور 100مرتبہ سُبْحَانَ اللہِ الْعَظِیْمِ وَبِحَمْدِہٖ پڑھنا {۳}  صَدَقہ کرنا  {۴} روزہ رکھنا۔

مجھے سچی توبہ کی توفیق دیدے

 

Index